گریٹر اقبال پارک مینار پاکستان میں بین المذاہب جشن آزادی تقریب

پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے نمائندگان کے لیے جشن آزادی تقریب 5 اگست 2017ء مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مسلمانوں کے ساتھ ہندو، سکھ، مسیحی، پارسی مذہب کے راہنماوں نے شرکت کی۔ تقریب کے منتطمین پاکستان گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق پردھان سردار بشن سنگھ، انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹر نیشنل کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا، پاکستان ہندو کونسل کے چئیرمین منویر چاند، بالمیک سوامی مندر کے پنڈت بھگت لال کھوکھر اور کیتھیڈرل چرچ آف پاکستان کے ڈین ریورنڈ شاہد معراج تھے۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی گریٹر اقبال پارک کے ایڈمنسٹر ونگ کمانڈر محمد سعید تھے۔

آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر بین المذاہب جشن آذادی تقریب کا آغا ز سکھ گوردوارہ ڈیرہ صاحب سے ہوا، جہاں گوردوارہ کی انتظامیہ اور سردار بشن سنگھ نے آنے والے تمام مہمانوں کو گل دستے پیش کئے اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر تمام مذاہب کے قائدین نے جلوس کی شکل میں اپنے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ تمام شرکاء مینار پاکستان کے سبزہ زار میں پہنچے، جہاں تمام مذاہب کے بچوں نے انتہائی پرجوش نعروں کی گونج میں شرکاء کو ویلکم کیا۔

مینار پاکستان کے سبزہ زار میں جشن آزادی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ تمام شرکاء نے بیک زبان قومی ترانہ پڑھا۔ اس کے بعد بچوں نے ملی نغمہ ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ اور ’’سانجھی اپنی خوشیاں اور غم ایک ہیں‘‘ گایا۔ یہاں تقریب میں تمام حاضرین نے ہاتھوں میں پرچمی جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں۔ تقریب میں شریک تمام راہنماؤں نے جشن آزادی کا کیک کاٹا۔

یہاں تمام مذاہب کے نمائندوں نے وطن عزیز کی سلامتی، سربلندی و ترقی، استحکام اور قیام امن کے لیے اپنے اپنے مذہب کے مطابق دعا کں۔ ریورنڈ شاہد معراج ڈین کیتھیڈریل چرچ آف پاکستان نے مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے دعائیہ کلمات ادا کیے۔ پنڈت بھگت لال کھوکھر بالمک سوامی مندر لاہو ر نے ہندو برادری کی نمائندگی کی۔ بعد ازاں سکھ برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے گوردوارہ ڈیرہ صاحب کے ہیڈ گرنتھی گیانی سردار بخبیت سنگھ نے بھی دعا کی۔

آخر میں تحریک منھاج القرآن راوی ٹاؤن کے صدر محمد اقبال نور نے مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مخصوص انداز میں دعا کی۔ تقریب کے آخر میں فادر ندیم فرانسس، فادر عنایت برنارڈ، سردار بشن سنگھ ، کمانڈر سعید، سہیل احمد رضا اور ڈاکٹر منویر چند نے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں مخصوص جگہ پر امن کا پودا (زیتون) بھی لگایا۔ اس موقع پر سہیل احمد رضا نے تقریب کے معزز مہمانوں، شرکاء، گریٹر اقبال پارک کی انتظامیہ اور میڈیا کے تمام نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام وطن عزیز کی ترقی و سلامتی کے لیے تمام مذاہب کے راہنماوں کی نیک خواہشات سے ہوا۔

تبصرہ