ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز کی ہولی تقریبات میں شرکت

ہندو برادری کے مذہبی و ثقافتی تہوار ’ہولی‘ کی سرکاری تقاریب متروکہ وقف املاک بورڈ وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب رواداری حکومتِ پاکستان کے زیراہتمام 22 مارچ 2019 کو لاہور کے شری کرشنا مندر اور آواری ہوٹل میں منعقد ہوئیں۔ تقریبات کے مہمانانِ خصوصی صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹن اور سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان تھے، جبکہ شرکاء میں تمام مذاہب کی نمائندہ شخصیات سمیت ہندو مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد پیش کی اور بین المذاہب رواداری کا پیغام دیا۔

منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے تقریبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جہاں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی، سماجی اور ثقافتی آزادیاں حاصل ہیں۔ ہمارا معاشرہ کثیر القومی ریاست ہے جہاں کئی مذاہب کے پیروکار بستے ہیں۔ ہمارا قومی فرض ہے کہ ہم ایک دوسرے کی مذہبی و سماجی تقریبات میں شریک ہو کر ملی تشخص اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وطن عزیز کی اصل تکمیل قائدِ اعظم کے تفکر کی روشنی میں اسی وقت ممکن ہے جب تمام مذاہب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے باہمی رواداری کی فضا قائم کریں۔ انہوں نے بندو برادری کو ہولی کی مبارکباد بھی پیش کی۔

تبصرہ